Get Alerts

نام نہاد بلوچ نیشنل موومنٹ کےبیرون ملک احتجاج کا پروپیگنڈا بے نقاب

 نام نہاد بلوچ نیشنل موومنٹ کےبیرون ملک احتجاج کا پروپیگنڈا بے نقاب

لندن: بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے زیر اثر بلوچستان کے علاقے زہری میں ہونے والے مظاہروں کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔ برطانیہ میں ہونے والے اس مظاہرے میں شریک افراد نہ صرف بلوچستان کے حالات سے بے خبر پائے گئے، بلکہ ان کی موجودگی میں شامل ہونے والے غیر مقامی باشندوں کی حقیقت بھی سامنے آئی۔

ایک خاتون صحافی کی جانب سے کیے گئے سوالات پر مظاہرین نے یہ اعتراف کیا کہ انہیں بلوچستان کے موجودہ حالات کا کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ کبھی وہاں گئے ہیں۔ صحافی نے یہ سوال کیا کہ کیا مظاہرین اور غیر مقامی افراد کو غیر ملکی لابیز کے ذریعے کرایے پر خریدا گیا تھا؟ جس پر مظاہرین کسی بھی سوال کا مناسب جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔

مظاہرین نے یہ بھی بتایا کہ جن افراد اور بچوں کی تصاویر وہ اٹھائے ہوئے تھے، ان کے بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں تھیں۔ اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مظاہرہ جھوٹے نعروں اور مصنوعی جذبات پر مبنی تھا جو کسی خاص ایجنڈے کی تکمیل کے لیے چلایا جا رہا تھا۔

بلوچستان کے علاقے زہری میں گزشتہ کچھ دنوں سے ’فتنۃ الہندوستان‘ کے دہشت گردوں کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعوے اور جعلی تصاویر پھیلائی گئی تھیں، جس کا مقصد بلوچستان میں مزید خلفشار پیدا کرنا تھا۔ تاہم، سکیورٹی فورسز نے مقامی عوام کی مدد سے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کر کے وہاں کے مکینوں کو امن و تحفظ فراہم کیا۔

آج زہری کی سڑکیں کھلی ہوئی ہیں، بازار آباد ہیں اور بچے بلا خوف و خطر سکول جا رہے ہیں۔ مقامی عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد و تعاون کا نتیجہ یہ ہے کہ بلوچستان کے اس علاقے میں امن و سکون کا ماحول قائم ہو چکا ہے، جو اس پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے۔

ٹیگز: