ترکی میں ہونے والی افغان امن کانفرنس پھر ملتوی

 ترکی میں ہونے والی افغان امن کانفرنس پھر ملتوی
کیپشن: ترکی میں ہونے والی افغان امن کانفرنس پھر ملتوی
سورس: فائل فوٹو

استنبول: ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں 24 اپریل سے شروع ہونے والی افغان امن کانفرنس مئی کے وسط تک ملتوی کردی گئی۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ کانفرنس کو طالبان کی شرکت یقینی نہ ہونے پر ملتوی کیا گیا کیونکہ طالبان کے بغیر کانفرنس کا کوئی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔

ترک وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن کانفرنس عید الفطرتک ملتوی کر دی گئی ہے۔ قطر، امریکا اور اقوام متحدہ سے مشاورت کے بعد افغان امن کانفرنس کو مئی کے وسط تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کو کانفرنس میں شریک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ترکی کی میزبانی میں افغان امن کانفرنس دوسری بارملتوی ہوئی ہے، اس سے قبل 16 اپریل کوبلایا گیا اجلاس 24 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ طالبان نے امریکی اور غیرملکی افواج کے افغانستان سے انخلاء سے قبل کسی بھی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن، استحکام کیلئے ترکی کی کوششوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں، یقین ہے ترکی میں نئی تاریخوں کے بعد افغان قیادت کا اجلاس اہم ہوگا، امید ہے افغان فریق جامع سیاسی تصفیے پر کام کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔