30 سے زائد وارداتوں میں ملوث ڈکیت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

تیس سے زائد وارداتوں میں ملوث مجرم کا عبرتناک انجام

چھانگا مانگا: ڈکیتی اور قتل سمیت 30 سے زائد وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو عارف عرف عارفی دوران مبینہ پولیس مقابلہ  میں اپنے ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم عارف عرف عارفی ریمانڈ پر تھا،تھانہ چھانگا مانگا پولیس عارف عرف عارفی کو ریکوری کیلئے لیکر جا رہی تھی کہ لکھوی پل کے قریب ملزم کے 5 کس ساتھی پولیس پر حملہ آور ہو گئے، ملزمان شدید فائرنگ کرتے ہوئے زیر حراست ملزم عارف عرف عارفی کو چھین کر چھانگا مانگا جنگل میں فرار ہو گئے۔

پولیس کی مزید ٹیمیں ایس ایچ او حافظ عاطف کی سربراہی میں موقعہ پر پہنچی اور ملزمان کا تعاقب جاری رکھا جبکہ ملزمان پولیس ٹیموں پر مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔

ملزمان کی طرف سے فائرنگ رکنے پر پولیس ٹیموں نے قریب جا کر دیکھا تو ملزم عارف مردہ حالت میں پڑا تھا جو اپنے ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔