دبئی/لندن: عالمی تجارت کے اہم ترین بحری راستے 'آبنائے ہرمز' کے قریب سکیورٹی کا ایک اور سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایرانی مسلح افواج نے ایک تجارتی کارگو جہاز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق، مسلح اہلکاروں کی جانب سے کارگو جہاز پر فائرنگ کی گئی، جس کے فوراً بعد جہاز سمندر میں رک گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاز پر موجود عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور ابھی تک کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، ایرانی مسلح افواج نے اس کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ جہاز کو رکنے کے لیے بار بار وارننگز دی گئی تھیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ جہاز کی جانب سے ہدایات پر عمل نہ کرنے کے بعد ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
آبنائے ہرمز میں پیش آنے والا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں بحری سلامتی کے حوالے سے پہلے ہی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل کی سپلائی کا سب سے حساس راستہ سمجھا جاتا ہے۔اس واقعے کے بعد علاقے میں موجود دیگر تجارتی جہازوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ اس طرح کے واقعات عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور بحری بیمہ (Insurance) کے نرخوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اب ایران کے اگلے ردعمل پر لگی ہیں۔