صحافیوں کو ہراساں کرنے کا کیس، 5 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، جسٹس فائز عیسیٰ شامل نہیں

صحافیوں کو ہراساں کرنے کا کیس، 5 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، جسٹس فائز عیسیٰ شامل نہیں
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: صحافیوں کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس کی قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں‌ سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بنچ آج سماعت کرے گا۔ معاملے کا از خود نوٹس لینے والے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بنچ کا حصہ نہیں ہیں۔ 

نیو نیوز کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے پانچ رکنی لارجربینچ تشکیل دے دیا ہے ۔ لارجربینچ کی سربراہی خود قائم مقام چیف جسٹس عمرعطابندیال کریں گے ۔

بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن ، جسٹس منیب اختر ، جسٹس قاضی محمدامین ، جسٹس محمدعلی مظہرشامل ہونگے ۔ پانچ رکنی لارجر بنچ  26 اگست کے بجائے آج کیس کی سماعت کرے گا ۔ کیس سے متعلق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو نوٹس جار ی کردیا گیا ہے۔

  

واضح رہے کہ  سپریم کورٹ آف پاکستان نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف دائر درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے آئین کی دفعہ 184(3) کے تحت عوامی مفاد میں نوٹس لیا تھا اور مقدمے کو اسی بنچ کے سامنے 26 اگست کو لگانے کا حکم دیا تھا۔