سائفر کے معاملے میں عدالت آیا ہوں، مجھے کسی نے گرفتار نہیں کیا: اسد عمر

سائفر کے معاملے میں عدالت آیا ہوں، مجھے کسی نے گرفتار نہیں کیا: اسد عمر
سورس: File

اسلام آباد:  سابق وفاقی وزیر  منصوبہ  بندی اسد عمر نے سائفر معاملے پر اپنی گرفتاری کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میری گرفتاری کی غلط خبر تھی،ایف آئی اے نے مجھے گرفتار نہیں کیا تھا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ سائفر کے معاملے میں عدالت آیا ہوں، سائفر کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ دو بار سائفر معاملے پر شامل تفتیش ہو چکا ہوں، سائفر معاملے پر کلین ثابت ہوں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ سائفر کے معاملے پر شاہ محمود قریشی، عمران خان کی گرفتاری کے بعد سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سائفر گمشدگی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 

اٹک جیل میں قیدچیئرمین  پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس کے بعد سائفر کیس میں بھی باقاعدہ گرفتار کیا گیا تھا جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد پریس کانفرنس کے بعد ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔

گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفرکیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت نے چار روزہ  جسمانی ریمانڈ منظور کر کے  ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ 

یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں پر ایف آئی آر میں سائفر غائب کرنے، مندرجات کو ذاتی فائدے اور مذموم مقاصد کے لیے حقائق کو مسخ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں