Get Alerts

مریم محمود نے ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ میں جگہ بنا لی

مریم محمود نے ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ میں جگہ بنا لی

لاہور : پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی مریم محمود کو برطانوی فٹبال کلب ریکسیم اے ایف سی نے اعزاز سے نوازتے ہوئے اپنے انٹرنیشنل آنرز بورڈ میں شامل کرلیا۔ اس اعزاز کے ساتھ مریم محمود ریکسیم ایف سی ویمنز کے آنر بورڈ پر جگہ بنانے والی پہلی خاتون فٹبالر بھی بن گئی ہیں۔

کلب کے انٹرنیشنل آنرز بورڈ پر پاکستان مینز فٹبال ٹیم کے عمر نواز کا نام بھی پہلے سے موجود ہے، جس کے بعد مریم محمود کی شمولیت پاکستان کے لیے ایک اور قابلِ فخر لمحہ بن گئی ہے۔

اپنے اعزاز پر مریم محمود نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنر بورڈ پر اپنا نام دیکھنا ان کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی سطح پر سفر کرنا ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں، جبکہ کلب کے نامور کھلاڑیوں اور لیجنڈز کے ساتھ اپنا نام دیکھنا ایک خاص احساس ہے۔

مریم محمود نے بتایا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کرنا اور مداحوں کی جانب سے ملنے والی حمایت ان کے کیریئر کے یادگار لمحات میں شامل ہے۔ انہوں نے آئیوری کوسٹ میں تین میچز کھیلنے کو بھی اپنے فٹبال سفر کا اہم تجربہ قرار دیا۔

پاکستانی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثبت مثال بننا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق بچپن میں انہیں فٹبال کے میدان میں کوئی خاتون رول ماڈل دستیاب نہیں تھی، اسی لیے اب وہ چاہتی ہیں کہ نئی نسل کی لڑکیاں انہیں دیکھ کر اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کی کوشش کریں۔

مریم محمود کو یہ اعزاز پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کے باعث دیا گیا ہے۔ ریکسیم اے ایف سی کے آنر بورڈ میں ان کی شمولیت پاکستانی خواتین فٹبال کے لیے بھی ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

ٹیگز: