لاہور: لاہور ایکسپو سینٹر میں ایپ سپ کے زیراہتمام سی پاکستان 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان، ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان اور میاں عامر محمود سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد پاکستان کے انٹرپرینیوریل ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانا اور نوجوانوں کو کاروباری مواقع، سرمایہ کاری اور رہنمائی کے لیے بین الاقوامی سطح کے پلیٹ فارم کی فراہمی ہے۔
’سی پاکستان 2026‘ میں طلبہ، سٹارٹ اپس، جامعات، صنعت، پالیسی ساز اداروں اور بین الاقوامی پارٹنرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے، جہاں نوجوان کاروباری افراد کو اپنی صلاحیتوں اور آئیڈیاز کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
ایونٹ کے تحت منعقد ہونے والی ورلڈ سٹارٹ اپ چیمپئن شپ میں 300 سے زائد سٹارٹ اپس حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 109 منتخب سٹارٹ اپس 40 ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق ایونٹ میں 30 بین الاقوامی مندوبین، 30 سرمایہ کار، 60 مینٹورز اور 300 ججز بھی شریک ہیں، جو سٹارٹ اپس کی رہنمائی، جائزہ اور ممکنہ سرمایہ کاری کے عمل میں کردار ادا کریں گے۔
’سی پاکستان 2026‘ کا مقصد پاکستان کے نوجوان کاروباری ٹیلنٹ کو عالمی مارکیٹ، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی کاروباری برادری سے جوڑنا اور ملک میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔