Get Alerts

پاکستانی نوجوان جرمنی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں نام کما رہے ہیں، جرمن سفیر

پاکستانی نوجوان جرمنی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں نام کما رہے ہیں، جرمن سفیر

لاہور: جرمن سفیر ایچ ای اینا لیپل نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان نہ صرف تعلیم حاصل کر رہے ہیں بلکہ جدید ہنر بھی سیکھ رہے ہیں، پاکستانی جامعات طلبہ کے مستقبل کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دے رہی ہیں۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر نے کہا کہ تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ سپیریئر گروپ پاکستان کے نجی شعبے میں ایک بڑا شراکت دار ہے اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور علامہ اقبال بھی آج کی نوجوان نسل پر فخر محسوس کرتے۔ پاکستان کے متعدد نوجوان جرمنی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ٹیکنالوجی و سائنس کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں۔

جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستانی نوجوانوں کو مختلف اسکالرشپس فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید آگے بڑھ سکیں۔

ایچ ای اینا لیپل نے کہا کہ پاکستانی جامعات طلبہ کو صرف ڈگریاں دینے تک محدود نہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے لیے ضروری مہارتیں بھی فراہم کر رہی ہیں۔ تعلیم کے ساتھ ہنر کا حصول نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عالمی تعلیمی و کاروباری مواقع سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹیگز: