Get Alerts

وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت اور بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت اور بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مالی معاونت اور بحالی کے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے، جبکہ بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی مدد یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکرٹریز متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا خود جائزہ لیں اور بحالی کے کام کی نگرانی کریں۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایسے متاثرہ علاقوں جہاں رسائی میں مشکلات کے باعث امدادی سامان نہیں پہنچ سکا، وہاں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے آئندہ متوقع بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو مون سون 2026 کے اثرات اور مختلف صوبوں سمیت این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق ملک کے مختلف متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے

ٹیگز: