لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں کھیلنے کا موقع دیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں کھیلنے کی اجازت ملنی چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارت کرکٹ بورڈ کے ہم منصب کے ساتھ ملاقات کروں ، دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بحال ہونا چاہئے اور اس کے لیے ہمیں چھوٹے چھوٹے اقدامات کی طرف غور کرنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنی چاہئے ، دونوں ممالک کے کرکٹرز کے اکٹھے ہونے سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی لیکن معاملات اب کرکٹ سے آگے بڑھ گئے ہیں جن کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے کہا کہ دو ہزار آٹھ میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں نے تو شرکت کی لیکن اس کے بعد دہشتگردانہ حملوں کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت روک دی گئی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی خراب ہوئے۔