Get Alerts

بھارتی اسپتال میں ڈاکٹر کا مریض پر تشدد، ویڈیو وائرل

بھارتی اسپتال میں ڈاکٹر کا مریض پر تشدد، ویڈیو وائرل

شملہ:  بھارت کے ایک سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے مریض پر تشدد کی ایک انتہائی افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد عوامی سطح پر شدید ردِ عمل سامنے آیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شملہ کے اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) میں ایک ڈاکٹر کی جانب سے مریض پر تشدد کی یہ چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ڈاکٹر بیڈ پر لیٹے مریض کو تھپڑ اور مکے مار رہا ہے، اور مریض اس دوران مزاحمت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

مریض کی شناخت ارجن پوار کے طور پر ہوئی ہے، جو اینڈوسکوپی کے لیے اسپتال آیا تھا۔ اینڈوسکوپی کے بعد مریض کو سانس لینے میں مشکل پیش آئی، جس پر وہ دوسرے وارڈ میں جا کر بستر پر لیٹ گیا تاکہ اس کی سانس بحال ہو سکے۔ اسی دوران اس کی ڈاکٹر سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد تشدد کا واقعہ پیش آیا۔

مریض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے تو ارجن کے ساتھ بدسلوکی کی اور پھر تلخ بحث کے بعد اس پر جسمانی تشدد کیا۔

واقعے کے فوراً بعد اسپتال کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ مریض کے اہل خانہ اور مظاہرین نے ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور اس کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی درخواست کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، مریض کے اہل خانہ نے پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے اور ملزم ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔

عوامی غصے کو دیکھتے ہوئے آئی جی ایم سی کی انتظامیہ نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک داخلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

ٹیگز: