احمد آباد: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت کی فتوحات کے تسلسل کو توڑتے ہوئے اسے 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کی مسلسل 12 میچوں میں ناقابلِ شکست رہنے کی روایت بھی ختم ہو گئی ہے۔
احمد آباد میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور اسٹبس نے 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے 3 اور ارشدیپ سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری ٹیم 19 ویں اوور میں محض 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے صرف شیوم دوبے (42 رنز) ہی کچھ مزاحمت کر سکے، جبکہ اسٹار بلے باز ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادو 18، 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کے مارکو ینسن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 شکار کیے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں بھارت کی دوسری بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل 2019 میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 80 رنز سے شکست دی تھی۔ دفاعی چیمپئن بھارت، جو 2024 کے ورلڈکپ سے اب تک ناقابلِ شکست چلا آ رہا تھا، اس بڑی ہار کے بعد دباؤ کا شکار دکھائی دیتا ہے۔