حب، مسافر بس اور آئل ٹینکر تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی

حب، مسافر بس اور آئل ٹینکر تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی
کیپشن: جاں بحق تمام افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

حب: گزشتہ روز بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر آپس میں ٹکرانے سے گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو کراچی منتقل کیا گیا جن میں خواتین اور بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے جب کہ حادثے کے 4 زخمیوں کو سول اسپتال کراچی میں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جاں بحق تمام افراد لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔