لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانا وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سٹیزن فیڈ بیک کو نہ صرف سنتی ہیں بلکہ اس پر عملی اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں نمایاں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور صوبے کے 16 اضلاع میں دل کے امراض کی جدید لیبارٹریز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا دائرہ کار تحصیل سطح تک بڑھایا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اداروں کے پاس جدید ڈرون ٹیکنالوجی ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ ریسکیو صوبے بھر کے فائر واٹر ہائیڈرنٹس کی جیو ٹیگ لسٹ واسا کو فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے پیرا میں علیحدہ سیل قائم کیا جائے گا اور پنجاب میں جو بھی فیصلہ کیا جاتا ہے اس پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب میں غفلت، لاپرواہی اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں اور ریسکیو سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔