Get Alerts

صدر اور وزیراعظم کا بارشوں و سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس، فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت

صدر اور وزیراعظم کا بارشوں و سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس، فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت

اسلام آباد :  صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں فوری اور مؤثر امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ متاثرین کو بروقت مدد اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب اور حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں سے قریبی رابطے میں رہنے، متاثرین کو ہر ممکن امداد پہنچانے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کا حکم بھی دیا گیا۔

 وزیراعظم  اور صدردونوں نے ریاستی اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا کر متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے کام کو یقینی بنایا جائے۔

ٹیگز: