اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور موجودہ چیلنجز سے شفاف اور منصفانہ انداز میں نمٹا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی کا منصوبہ متعارف کرایا ہے، جبکہ 28 فروری سے اب تک عوام کو اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے اثرات سب پر مرتب ہو رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن اور دیگر مسائل کے حل کے لیے جلد اوگرا کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں بھی پیش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور جلد اس حوالے سے خوشخبری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد پٹرولیم کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور تمام متعلقہ فریقین کے مسائل کو منصفانہ انداز میں حل کرنا ہے۔