Get Alerts

امریکی حملوں کے بعد ایران کا اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملہ، متعدد زخمی

امریکی حملوں کے بعد ایران کا اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملہ، متعدد زخمی

تہران : ایران نے امریکی حملوں کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں پر ڈرون اور میزائلوں کی بارش کر دی، جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب سمیت اسرائیل بھر میں جنگی سائرن بجنے لگے اور فضائی دفاعی نظام کو متحرک کر دیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حیفا شہر پر متعدد ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ تل ابیب میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایران کے میزائل حملوں سے اسرائیل کے مختلف علاقوں میں نمایاں نقصان ہوا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ حیفا اور تل ابیب میں 14 اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں اسرائیلی فوج کی سافٹ ویئر کمپنیوں کے دفاتر، پاور پلانٹ، آئل ریفائنری، ائیربیس، سائبر کمانڈ اور رافائل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز کے ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔ ترجمان نے ان حملوں کو اب تک کے سب سے کامیاب قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 20 سے 40 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے بعد اسرائیل کے 400 سے زائد شہروں، قصبوں اور علاقوں میں جنگی سائرن بجائے گئے۔

واضح رہے کہ اتوار کی صبح امریکہ نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا تھا۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے سے قبل ہی ان تنصیبات کو خالی کر لیا گیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملوں سے اسرائیل کے 10 مقامات پر نقصان ہوا ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگز: