Get Alerts

امریکہ کے ایران پر حملے کی حماس و حوثیوں کی شدید مذمت

امریکہ کے ایران پر حملے کی حماس و حوثیوں کی شدید مذمت

تہران : امریکہ کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر کیے گئے فضائی حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران پر امریکی حملہ نہ صرف بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقدام خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے گا۔‘‘ حماس کے مطابق، ’’یہ جارحیت وحشیانہ ہے اور اس سے عالمی امن و سلامتی کو براہ راست خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔‘‘

دوسری جانب یمن میں حوثی تحریک انصار اللہ کے سیاسی بیورو نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’’یہ حملہ جنگ کے اختتام کا آغاز نہیں بلکہ ایک نئی جنگ کی شروعات ہے۔ اب مار کے بھاگنے کا وقت گزر چکا ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے جس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔‘‘

انصار اللہ نے چند گھنٹے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر ایران پر حملے میں اسرائیل نے امریکہ کا ساتھ دیا تو وہ بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، ایران پر حملے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ ایران کو مذاکرات کا عندیہ دے رہا تھا، جسے اب محض ایک چال سمجھا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ پالیسی خطے میں کشیدگی کو جنگ میں بدل سکتی ہے۔

ٹیگز: