لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے عالمی سطح پر تیل کے بحران اور غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان سپر لیگ (PSL) کے حوالے سے بڑے اور کٹھن فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ 26 مارچ سے شروع ہونے والا ایونٹ اب تماشائیوں کے بغیر منعقد ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے شائقینِ کرکٹ کے لیے درج ذیل ہنگامی اعلانات کیے۔ عالمی سطح پر تیل کے بحران اور خطے کی صورتحال کے باعث پی ایس ایل کے تمام میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیں گے۔ جب تک بحران ختم نہیں ہوتا، اسٹیڈیم میں کسی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔پی ایس ایل کی روایتی اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جن شائقین نے ٹکٹ خرید لیے ہیں، انہیں 72 گھنٹوں کے اندر ان کی رقم واپس کر دی جائے گی۔محسن نقوی نے لاجسٹک اور معاشی وجوہات کی بنا پر وینیوز کو محدود کر دیا ہے۔ اب تمام میچز صرف لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ پشاور کے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے اگلے سال وہاں ایک سے زائد میچز کروانے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اگر حکومت سبسڈی نہ دیتی تو ڈیزل 512 روپے تک پہنچ جاتا، ان حالات میں بڑے پیمانے پر ٹرانسپورٹیشن اور انتظامات ممکن نہیں۔
تماشائیوں کے نہ ہونے سے جو نقصان ہوگا، اس کی تلافی پی سی بی کرے گا اور گیٹ منی کی رقم فرنچائزز کو دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کی آمد آج رات سے شروع ہو جائے گی۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، البتہ چند غیر ملکی کھلاڑیوں کے جانے کی اطلاع ہے جسے مینیج کیا جا رہا ہے۔