”ایلیئن : کونینٹ“ نے ”گارڈیئنز آف دی گلیکسی 2“ سے حکمرانی چھین لی

”ایلیئن : کونینٹ“ نے ”گارڈیئنز آف دی گلیکسی 2“ سے حکمرانی چھین لی

لاس اینجلس :رواں ہفتے تین نئی فلمیں ”ایلیئن : کونینٹ“، ”ایوری تھنگ ایوری تھنگ“ اور ”ڈائری آف ویمپی کڈ“ نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ جن میں سے سائنس فکشن فلم ”ایلیئن : کونینٹ“ نے شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا جس نے اپنی نمائش کے ابتدائی تین روز میں 3ارب 78 کروڑ روپے کمائے۔

خطرناک سیارے پر موجود طاقتور خلائی مخلوق کی دہشت پر مبنی ایکشن تھرل فلم کو ہدایتکار رِیڈلی سکاٹ نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ معروف ہالی وڈ فلم سیریز ’ایلیئن‘ کی چھٹی کڑی ہے۔ فلم کی کہانی ایک بار پھر انسانوں کی جان کے دشمن خطرناک ایلیئنز کے گرد گھوم رہی ہے۔ پر اسرار سیارے پر موجود انوکھی خلائی مخلوق وائرس کی طرح انسان کے جسم میں داخل ہوتی اور ان کا شکار کر لیتی۔ فلم میں مرکزی کردار ہالی وڈ اداکار مائیکل فیسبینڈر نے نبھایا ہے،دیگر کاسٹ میں کیتھرین ویٹراسٹون ، بِلی کروڈپ، ڈینی میک برج ،ڈیمینئن بیچر اورنومی ریپیس شامل ہیں۔

فلم ”گارڈیئنز آف دی گلیکسی“ اب دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جو رواں ہفتے 3ارب 65کروڑ روپے اپنے دامن میں سمیٹ سکی جبکہ مجموعی طور پر یہ فلم 30 ارب روپے سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔ اس فلم کی کہانی غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ایسے سپر ہیروز کے گِرد گھوم رہی ہے جو دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے نکلتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت منفی طاقتوں کومنہ توڑ جواب دیتے ہیں۔

تیسری پوزیشن پر نئی ریلیز ہونے والی فلم ”ایوری تھنگ ایوری تھنگ“ رہی، جس نے تین روز سوا ارب روپے کا بزنس کیا۔ ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ”سنیچڈ“ چوتھے نمبر پر رہی جس نے اس ہفتے 77 کروڑ روپے کمائے۔ فلم کی ہدایات جوناتھن لیوین نے دی ہےں جبکہ فلم کی اہم کاسٹ میں گولڈی ہان، ایمی شامل ہیں۔تیسری نئی ریلیز ہونے والی فلم ”ڈائری آف ویمپی کڈ“ ٹاپ فائیو چارٹ میں آخری پوزیشن پر رہی اور یہ فلم تین روز میں 73کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔

مصنف کے بارے میں