نئی دہلی: بھارت کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آپریشن سندور کی ناکامی کو چھپانے کے لیے قوم کو گمراہ کر رہی ہے اور گودی میڈیا کے ذریعے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ حکومت طیاروں کی تباہی کی اصل حقیقت چھپا رہی ہے اور اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ان کے مطابق مودی سرکار اس ناکام آپریشن کو سیاسی مقاصد کے لیے، خاص طور پر بہار الیکشن میں فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
یشونت سنہا نے مودی، امت شاہ، اجیت دووال اور جے شنکر سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی اور انٹیلیجنس ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت میں اگر کوئی حکومت سے سوال کرے تو اسے غدار کہا جاتا ہے۔ مودی نے قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے بجائے آل پارٹی اجلاس کو نظرانداز کر کے سیاسی جلسوں کو ترجیح دی، جس سے ان کے رویے کی سنجیدگی پر سوال اٹھتے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر جھوٹ اور پروپیگنڈا پر مبنی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو اصل حقائق سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے پہلگام میں ہونے والے واقعات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا، لیکن یشونت سنہا کے بیانات سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ حکومت کو آپریشن سندور میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔