اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ سے بنگلہ دیش کے سول سروس افسران کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس اہم ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین گورننس، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار کو بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بنگلہ دیشی وفد کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے نافذ کی جانے والی حالیہ اصلاحات اور پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش انتظامی اور گورننس کے ایک طویل اور مشترکہ ورثے کے حامل ہیں، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے اور عوامی سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔