بنوں: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنوں کے نواحی علاقے بسیہ خیل میں علی الصبح دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، جہاں شرپسند عناصر نے دوا پل کے مرکزی ستون کے ساتھ نصب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے پل کو دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے 8 سے 10 کلوگرام بارود سے بھری بالٹی سے تیار کی گئی آئی ای ڈی کو موقع پر پہنچ کر محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا، جس کے باعث عوامی انفرااسٹرکچر بڑی تباہی سے بچ گیا۔
واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے زیر استعمال بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
آر پی او بنوں سجاد خان نے بی ڈی اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات کو تباہ کر کے شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام سے تعاون جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔