جب تک معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے ، حمزہ شہباز

جب تک معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے ، حمزہ شہباز
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ جب تک ہمارے معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا ہم اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر 6ن لیگی ارکان کی نااہلی   کیخلاف دھرنے کے دوران حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ عمران نیازی صاحب کہتے ہیں اپوزیشن میں مجرم بیٹھے ہیں جبکہ وفاقی کابینہ میں بیٹھے لوگوں پر درجنوں کیسز ہیں،عمران نیازی صاحب !آپ نے اپوزیشن کو کہا کہ ان کو نہیں چھوڑوں گااورپرویز الہیٰ نے کہا کہ نیب کے ترجمان کی ضرورت نہیں میں ہی نیب کا ترجمان ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قوم اسپیکر پنجاب اسمبلی کا تماشا دیکھ رہی ہے، ایک وقت تھا نواز شریف اور مشرف اسپیکر صاحب کے لیڈر تھے لیکن آج سپیکر صاحب شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار تھے،جب تک ہمارے معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا ہم اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے،ہم نے کسان کوسبسڈی دی اس حکومت نے آتے ہی ختم کردی،یہ کہاں کا نیا پاکستان ہے؟ ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ رہا ہے۔

 
حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نیازی صاحب آپ نئے پاکستان کا مقدمہ ہار چکے ہیں،آپ اپنی کابینہ میں مجرم ڈھونڈیں،قوم پر سب کچھ عیاں ہوگیا ہے،یہ کھلاڑی بھی نہیں،اناڑی لوگ ہیں۔آج یا کل اپوزیشن کو جعلی مینڈیٹ کیخلاف مل بیٹھنا ہوگا،تمام اپوزیشن جماعتیں کہتی ہیں کہ حکومت کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے۔