نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ ٹیم ویسٹ انڈیز، پاکستان، آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں اپنے دورہ کے دوران ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میچز جبکہ آسٹریلوی ٹیم صرف پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز ہی کھیلے گی۔

چاروں ٹیموں میں سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم سب سے پہلے نیوزی لینڈ پہنچے گی۔ کیریبین ٹیم اپنے دورہ کے دوران تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کا اگلا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جس کا آغاز رواں سال کے آخر میں 18 دسمبر سے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز سے ہوگا جبکہ گرین شرٹس کیویز ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

آسٹریلوی ٹیم اپنے پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز 21 فروری سے کرے گی جو 7 مارچ کو اختتام پذیر ہوگی جبکہ بنگلا دیش اپنی سیریز کا آغاز 13 مارچ کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے کرے گا اور اس کے بعد میزبان اور بنگلا دیشی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے تحت نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 27 نومبر، دوسرا میچ 29 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 3 سے 7 دسمبر تک ہملٹن جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 دسمبر تک ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبر، دوسرا میچ 20 دسمبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 22 دسمبر کو شیڈول ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے 7 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 فروری، دوسرا 25 فروری، تیسرا 3 مارچ، چوتھا 5 مارچ اور پانچواں اور آخری میچ 7 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم مارچ میں بنگلا دیش کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 13 مارچ، دوسرا ون ڈے میچ 17 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 23 مارچ، دوسرا 26 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 28 مارچ کو کھیلا جائے گا۔