واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے نریندر مودی سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں تجارت سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ تجارت کے ذریعے عالمی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بھارت سے کہا کہ وہ روس سے مزید تیل خریدنے کا ارادہ نہیں رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ عالمی سطح پر امن قائم رکھا جائے اور تنازعات کے حل کے لئے سفارتی ذرائع استعمال کیے جائیں۔
ٹرمپ نے پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اور میں نے ان دونوں کے درمیان جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے دوران سات طیارے گرائے گئے، لیکن ہم نے جنگ کو مزید بڑھنے سے روکا۔"
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ اب تک آٹھ جنگوں کو روکے چکے ہیں، اور ان جنگوں میں زیادہ تر تجارت کے ذریعے مداخلت کی ہے تاکہ لڑائیاں نہ ہوں۔