Get Alerts

لاہور میں پتنگ بازی سے ایک اور جان چلی گئی، نوجوان ڈور پھرنے سے جاں بحق

لاہور میں پتنگ بازی سے ایک اور جان چلی گئی، نوجوان ڈور پھرنے سے جاں بحق

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں پتنگ بازی نے ایک اور جان لے لی۔ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں 21 سالہ نوجوان نعمان یوسف، جو موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا اور راستے میں دم توڑ گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، مزنگ کا رہائشی نوجوان اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک گلے پر پتنگ کی ڈور پھر گئی، جس سے اس کی گردن کٹ گئی۔ نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، مگر وہ راستے میں دم توڑ گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق، نوجوان نعمان یوسف میڈیکل ریپ تھا اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔ اس کے چھوٹے بھائی اور دو بہنیں بھی ہیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

ٹیگز: