نائیجیریا: نائیجیریا کی ریاست نائیجر میں ایک آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد ٹینکر میں دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 35 افراد کی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) نے بتایا کہ یہ حادثہ ایک آئل ٹینکر کے سڑک پر پھسل کر الٹنے کے باعث پیش آیا۔ اس کے بعد ٹینکر سے پٹرول بہنے لگا اور کچھ ہی دیر میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایف آر ایس سی کے سیکٹر کمانڈر عائیشاتو سعدو نے کہا کہ دھماکے اور آگ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نائیجیریا میں اس نوعیت کے حادثات اکثر پیش آتے ہیں، کیونکہ یہاں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود پائپ لائن انفرا اسٹرکچر کی بجائے آئل ٹینکروں کے ذریعے کی جاتی ہے۔ سڑکوں کی ناقص حالت اور ٹریفک قوانین کی کمی کی وجہ سے ایسے حادثات کا خطرہ بڑھتا رہتا ہے، اور اس کے نتیجے میں کئی انسانوں کی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔