Get Alerts

واٹس ایپ نے غیر جوابی پیغامات کی ماہانہ حد مقرر کر دی

واٹس ایپ نے غیر جوابی پیغامات کی ماہانہ حد مقرر کر دی

کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے سپیم اور غیر ضروری پیغامات پر قابو پانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور غیر جوابی پیغامات پر ماہانہ حد مقرر کر دی ہے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، یہ قدم صارفین اور کاروباری اداروں کو بلاوجہ پیغامات بھیجنے سے روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اگر کوئی صارف کسی ایسے شخص کو پیغام بھیجے جو جواب نہ دے اور نہ ہی اس کا نمبر محفوظ کرے، تو وہ پیغام صارف کی ماہانہ حد میں شمار ہوگا۔ مثال کے طور پر، اگر کسی ملاقات کے بعد تین پیغامات بھیجے جائیں اور ان کا جواب نہ آئے، تو یہ تینوں پیغامات صارف کی حد میں شامل ہوں گے۔

واٹس ایپ نے ابھی تک اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ایک ماہ میں کتنے پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں، کیونکہ مختلف ممالک میں اس فیچر کی جانچ جاری ہے۔ تاہم، جب کوئی صارف یا کاروبار اپنی حد کے قریب پہنچے گا، تو اسے ایک وارننگ پیغام موصول ہوگا تاکہ وہ مزید پیغامات بھیجنے سے پہلے سوچے۔

یہ تبدیلی خاص طور پر ان لوگوں اور کاروباروں کے لیے ہے جو بڑی تعداد میں پیغامات بھیجتے ہیں اور اکثر ان کا جواب نہیں آتا۔ عام صارفین جو صرف اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے بات کرتے ہیں، ان پر یہ تبدیلی زیادہ اثرانداز نہیں ہوگی۔

یہ نئی حکمت عملی واٹس ایپ کے پچھلے اقدامات کا حصہ ہے، جس میں 2024 میں کاروباری پیغامات کی تعداد پر حد لگائی گئی تھی، صارفین کو کاروباری پروموشنز بند کرنے کا اختیار دیا گیا تھا اور 2025 میں براڈکاسٹ پیغامات بھیجنے کی تعداد پر پابندی لگائی گئی تھی۔

ٹیگز: