اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی بدلتی ہوئی اقتصادی اور سیاسی صورتحال، اور افغانستان کے ساتھ حالیہ سیز فائر معاہدے کے بعد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں معاشی اشاریوں میں تنزلی، مہنگائی میں اضافہ، روپے کی قدر میں گراوٹ اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ سیاسی حالات خصوصاً اپوزیشن کی سرگرمیوں اور آئندہ بلدیاتی و ضمنی انتخابات کے تناظر میں بھی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا افغانستان کے ساتھ ہونے والا عارضی سیز فائر معاہدہ بھی ہوگا، جس کے بعد سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی، دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت، اور دو طرفہ اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔