مولانا فضل الرحمان اپنے آزادی مارچ کے ساتھ کشمیرکا نام لگا دیں تو یہ کامیاب ہو گا:شیخ رشید

مولانا فضل الرحمان اپنے آزادی مارچ کے ساتھ کشمیرکا نام لگا دیں تو یہ کامیاب ہو گا:شیخ رشید

راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے آزادی مارچ کے ساتھ کشمیرکا نام لگا دیں تو یہ کامیاب ہو گا، ان کی لاک ڈاﺅن کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔

ملک نازک ترین دور سے گزر رہا ہے امید ہے (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کا ساتھ نہیں دیں گی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سیاست کرنے جا رہے ہیں، میں تین ماہ سے کہہ رہا ہوں مولانا فضل الرحمان لاک ڈاﺅن نہیں کریں گے.

کسی قیمت پر مجھے لاک ڈاﺅن کرتے دکھائی نہیں دیتے، ہم نے 126دن دھرنا دیا لاک ڈاﺅن کرنا کوئی آسان کا م نہیں ، وہ آزادی مارچ ضرور کریں مگر اس کے ساتھ کشمیر کا لفظ لگائیں ، "کشمیر کا آزادی مارچ"،"کشمیر کے لئے آزادی مارچ"تو پھر اس کی نوعیت کچھ اور ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں اور قصبوں میں جو ناموس رسالتﷺ کی بات کر رہے ہیں ، جو آئین اور قانون ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا دنیا کی کوئی طاقت اس کو بدل نہیں سکتی۔

ا نہوں نے کہا کہ دینی مدرسہ کے طلباء کو ورغلایا نہ جائے، دینی مدرسہ کے طلباءکشمیر کی آزادی کے مارچ میں بھر پور حصہ لیں، اگر اس کا نام کشمیر کی آزادی مارچ رکھا جاتا ہے اور اگر ان کا کوئی چھپا ہوا مقصد اور ہے اور خانہ جنگی ہے تو اس میں یہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

مجھے (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی سے امید ہے اور میں بلاول بھٹو زرداری کو پہلے مبارکباد دے چکا ہوں کہ وہ بہتر فیصلہ کریں گے، وہ اس ملک میں افراتفری کا فیصلہ نہیں کریں گے، ملک نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔