واشنگٹن : سپین کے فلم فیسٹیول میں اپنی نئی فلم کی نمائش کے دوران، امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے اظہار رائے کی آزادی کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک سے محبت کرتی ہیں، مگر اس وقت وہ اسے پہچان نہیں پاتیں۔
جولی نے کہا کہ ایسی کوئی بھی چیز جو لوگوں کو تقسیم کرے یا اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرے، بہت خطرناک ہے۔ انہوں نے اس دور کو ایک نہایت نازک اور مشکل وقت قرار دیا۔
یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے میڈیا پر کریک ڈاؤن کے باعث اظہار رائے کی آزادی پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔
انجلینا جولی، جو 1999 میں فلم "گرل، انٹرپٹڈ" میں اپنی اداکاری کے لیے آسکر جیت چکی ہیں، اس وقت سپین میں فرانسیسی ہدایتکار ایلس ونوکور کی فلم "کچر" کی پروموشن کے لیے موجود تھیں۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کی ایک کڑی بھی شیئر کی کہ کس طرح انہوں نے 2013 میں چھاتی کے کینسر کے خطرے سے بچاؤ کے لیے سرجری کروائی اور اپنے کینسر سے متاثرہ والدہ کے حوالے سے فلم بناتے ہوئے ان کے بارے میں سوچتی رہتی ہیں۔
انجلینا جولی نے کہا کہ خواتین میں کینسر پر توجہ دینا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ بہت سے خاندانوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔