Get Alerts

ایف بی آر کا 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا حاصل کرلیا، ٹیکس چھپانے والوں کے خلاف کارروائی شروع

ایف بی آر کا 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا حاصل کرلیا، ٹیکس چھپانے والوں کے خلاف کارروائی شروع

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کے لیے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا جمع کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زیادہ تر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جمع کیے گئے ڈیٹا میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں۔ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے تاجروں کی فہرست تیار کی گئی ہے جنہیں نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں ٹیکس چھپانے والے 900 جیولرز کی ابتدائی فہرست بھی مرتب کر لی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کئی تاجروں کی آمدنی ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور رہن سہن کے معیار سے میل نہیں کھاتی اور کئی ہزار جیولرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہیں۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے اور بلاوجہ کسی کو نوٹسز نہیں دیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر ہر فرد ایمانداری سے اپنا ٹیکس ادا کرے تو ملک کی معیشت مضبوط ہوگی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں اور شادیوں پر بڑے اخراجات کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ شادیوں میں 20 ہزار ڈالر سے زائد کے سوٹ استعمال کرنے والوں کو بھی پکڑنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: