تہران: وائٹ ہاؤس کے بیانات کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز سے قبضے میں لیے گئے دو غیر ملکی بحری جہازوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنی کارروائی کو قانونی قرار دے دیا ہے۔
ترجمان ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان بحری جہازوں کو بین الاقوامی سمندری قوانین اور ایرانی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی پر قبضے میں لیا گیا ہے۔ قبضے میں لیے گئے جہازوں کی شناخت ’ایم ایس سی فرانسیسی‘ (MSC French) اور ’پیمینوڈس‘ (Paminodus) کے طور پر کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق، دونوں جہازوں کے پاس مطلوبہ اجازت نامے موجود نہیں تھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر روک کر ایرانی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایران کی جانب سے ویڈیو کا اجرا اس وقت ہوا ہے جب وائٹ ہاؤس ان جہازوں پر قبضے کو امریکی دباؤ کا نتیجہ قرار دے رہا تھا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت اور ضوابط پر عمل درآمد ان کی ترجیح ہے اور کسی بھی جہاز کو بغیر اجازت گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دونوں بحری جہاز اس وقت ایرانی حکام کی تحویل میں بندرگاہ پر موجود ہیں جہاں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ایران نے ویڈیو جاری کر کے عالمی سطح پر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ اب بھی آبنائے ہرمز کے اہم تجارتی گزرگاہ پر کنٹرول رکھتا ہے۔