کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر، ماڈل کالونی، سکیم 33، نارتھ ناظم آباد، بورڈ آفس اور حیدری میں بادل خوب برسے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا مگر بعض مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی رہا۔
ادھر این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق 30 اگست تک سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ دریائے سندھ، راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں، جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔