ممبئی :ایک بار پھر بالی وڈ کے مقبول اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں میڈیا کی زینت بننے لگی ہیں۔ اگرچہ دونوں کی جانب سے تاحال کسی قسم کا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنیتا آہوجا نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
شوبز ویب سائٹ 'بالی وڈ شادیز' نے متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دسمبر 2024 میں سنیتا نے گووندا پر بے وفائی کے الزامات عائد کئے تھے اور ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔ بعد ازاں، دونوں نے ان خبروں کی تردید کی تھی اور کچھ تقریبات میں انہیں ایک ساتھ بھی دیکھا گیا، جس سے افواہوں کی شدت کم ہو گئی تھی۔
تاہم، تازہ اطلاعات کے مطابق مئی 2025 میں طلاق کی درخواست پر دوبارہ عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں صرف سنیتا آہوجا پیش ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق جون 2025 کی سماعت میں بھی عدالت نے دونوں کو طلب کیا، مگر گووندا حاضر نہ ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق، گووندا عدالتی کارروائی سے گریزاں ہیں اور ازدواجی تعلقات کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
سنیتا آہوجا کا الزام ہے کہ گووندا کے دیگر خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، جن میں سے ایک تعلق مبینہ طور پر ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسی تعلق کی وجہ سے دونوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔
فروری اور مارچ 2025 میں طلاق کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے، سنیتا نے ایک مبہم بیان میں کہا تھا"کوئی مائی کا لعل مجھے میرے شوہر سے الگ نہیں کر سکتا۔"
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی، اور ان کے دو بچے ہیں۔ گووندا، جن کی عمر اس وقت 60 سال کے قریب ہے، ماضی کے کامیاب ترین فلمی اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، اور انہوں نے کئی سپرہٹ فلموں میں کامیڈی اور ڈانس کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنائی۔
تاحال گووندا یا ان کے قریبی ذرائع سے اس معاملے پر کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔