Get Alerts

ن لیگ اور پی پی پی کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق، ضمنی الیکشن اکٹھے لڑیں گے

 ن لیگ اور پی پی پی کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق، ضمنی الیکشن اکٹھے لڑیں گے

اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ایک متفقہ انتخابی فارمولا طے پا گیا ہے، جس کے تحت ملک کے مختلف حلقوں میں باہمی تعاون سے امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات خوش آئند رہی، جس میں ضمنی انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا، "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دونوں جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل کے تحت حصہ لیں گی تاکہ قومی مفاد میں استحکام اور سیاسی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔"

وفاقی وزیر حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد محض وقتی نہیں بلکہ جمہوری استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں کسی جماعت کا امیدوار گزشتہ الیکشن میں دوسرے نمبر پر تھا، وہاں اُسی جماعت کو امیدوار نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے کیا گیا ہے، اور ہر حلقے میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔

سیاسی مبصرین اس پیش رفت کو حکومت کے لیے سیاسی میدان میں اتحاد کی مضبوطی اور انتخابی کامیابی کے امکانات بڑھانے کی حکمت عملی قرار دے رہے ہیں۔

ٹیگز: