کراچی : کراچی ایک بار پھر بین الاقوامی سکواش مقابلے کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جہاں سندھ سکواش چیلنجر ون کا آغاز 26 اگست سے جہانگیر خان سپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ پر ہوگا۔
پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (PSA) کی یہ چیمپئن شپ 30 اگست تک جاری رہے گی، جس میں مجموعی طور پر 6 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
ایونٹ کے لیے سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال کو ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایک اور سابق قومی چیمپئن طیب اسلم کو دوسری ترجیح حاصل ہے۔ 32 کھلاڑیوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں آٹھ کھلاڑیوں کو بائی دی گئی ہے، جس کے باعث وہ براہِ راست پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچیں گے۔
چیمپئن شپ کے فاتح کو ٹرافی کے علاوہ 950 ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ کھلاڑی 600 ڈالرز کا حقدار ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ مصر سے تعلق رکھنے والے عمر الخطان کو ایونٹ میں چوتھی سیڈ دی گئی ہے، جس سے مقابلے میں مزید دلچسپی پیدا ہونے کی توقع ہے۔