بنکاک : بنکاک میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے ڈائریکٹرز کی تینوں نشستیں جیت کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی اجلاس کی صدارت محسن نقوی نے کی، جہاں ڈائریکٹرز کی نشستوں کے انتخاب میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے حمایت یافتہ امیدواروں کے پینلز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ تاہم ووٹنگ کے بعد پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔
اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔ اجلاس کے دوران اگلے سال بنگلا دیش میں ہونے والے ایشیا کپ سے متعلق مختلف امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے میچز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام میں کرانے کی تجویز زیرِ غور آئی، تاہم ایونٹ کے حوالے سے دیگر انتظامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے سی سی اجلاس میں ادارے کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ دبئی میں شیڈول ویمنز ایشیا کپ کے انتظامات اور تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو خطے میں کرکٹ کے انتظامی معاملات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔