لاہور: پاکستان میں عالمی وبا سے مریضوں کی اموات رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 84 شہری اس مرض کے ہاتھوں جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 2419 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا کے 9312 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک بھر میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں 319 زیر استعمال ہیں۔ پشاور میں وینٹی لیٹرز میں 25 فیصد، اسلام آباد میں 33 فیصد، لاہور میں 34 فیصد اور ملتان میں 55 فیصد زیر استعمال ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 142 نئے کیس سامنے آئے۔ حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 ہو گئی۔
ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں میں 35 ہزار 621 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 142 نئے کیس سامنے آئے۔ ملک میں وبائی مرض کے فعال مریضوں کی تعداد 37 ہزار 905 ہو چکی ہے۔
عالمی وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 557 تک جا پہنچی ہے۔ انتقال کرنے والے 84 مریضوں میں سے 47 وینٹی لیٹر پر تھے جبکہ 71 مریض ہسپتالوں میں داخل تھے۔
حکومت کی جانب سے عالمی وبا کے اثرات روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں مگر عوام کی جانب سے اس اہم مسئلے کی جانب دھیان نہیں دیا جا رہا۔ عام شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے وبا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہو چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو مجبوراً سخت پابندیاں لگانا ناگزیر ہو جائے گا۔