Get Alerts

اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو 31 تاریخ تک سپیکر کو پہنچا دیں: شاہ محمود قریشی

If the opposition wants to resign, send it to the Speaker by 31st: Shah Mehmood Qureshi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن سے کہا ہے کہ وہ اگر استعفے دینا چاہتی ہے تو 31 تاریخ تک سپیکر قومی اسمبلی کو پہنچا دیں۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ استعفے دینا چاہتے ہیں تو دے دیں، ہچکچاہٹ کیوں ہے؟ استعفے دینا آپ کا فیصلہ ہے، ہم تو کہیں گے نظرثانی کریں۔ استعفوں کی دھمکیاں دینا چاہتے ہیں تو ضرور دیں۔ تاہم استعفے سپیکر کو نہیں پہنچتے تو یہ ڈرامہ بند کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ استعفے دینا چاہتے ہیں تو 31 تاریخ کو سپیکر کو پہنچنا چاہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اپوزیشن نے کہا تھا اگر آپ فیٹف قانون سازی چاہتے ہیں تو نیب میں ترامیم میں ساتھ دیں۔ اپوزیشن پر واضح کر دیا تھا کہ نیب میں بہتری کے لئے گنجائش موجود ہے، تاہم سودا نہیں کریں گے۔ مسودہ کا مطالبہ کیا تو اس میں این آر او کی بو آئی۔ میں نے مسودہ چاک کر دیا اور بلی تھیلے سے باہر آگئی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپوزیشن سے کہا آپ نیب میں ترامیم چاہتے ہیں تو چاہتے کیا ہیں؟ اپنے مطالبات تو سامنے رکھیں، جس پر 34 نکاتی مسودہ سامنے رکھا۔ میں نے کہا کہ نیب ترامیم کو فیٹف کے ساتھ نہ جوڑیں، یہ قومی اہمیت کا معاملہ ہے۔ آپ نے نیب میں ترامیم نہیں کی تو یہ غفلت آپ کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ذاتی ایجنڈا تھا جس پر وہ سودا کرنا چاہتے تھے۔ نیب قوانین میں ترمیم حکومت پر دباؤ ڈال کر ممکن نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے جلسوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو سٹیڈیم میں آنے دیتے تو یہ سیاسی شہید نہ بنتے۔ ملتان میں ناقص حکمت عملی کی وجہ سےشہید بننے کاموقع دیا گیا۔ وزیراعظم کی واضح ہدایت تھی کہ لاہور جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ اب یہ لوگ لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں، تو ضرور کریں۔