مردان: پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا قوم نے نااہل حکمرانوں کیخلاف علم جہاد بلند کر دیا ہے اور عوام کا سمندر جلد اسلام آباد فتح کرے گا جبکہ کئی بار کہا یہ حکومت نااہل ہے اور کل انہوں نے خود اعتراف کر لیا کہ ان کے پاس اہل ٹیم نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا نااہل حکمرانوں کو زبردستی قوم کے اوپر مسلط کر دیا گیا جبکہ عمران خان کہتے تھے وہ عوام کو روزگار فراہم کریں گے، بے گھروں کو چھت فراہم کریں گے، کہتے تھے ملکی معیشت کو ٹھیک کر دیں گے لیکن ان سے کوئی کام ابھی تک ٹھیک نہیں ہو سکا اور آج ملک میں معیشت برباد ہے، بجلی اور گیس کا بحران، مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا عمران خان کا کہنا ہے فضل الرحمان کو حساب دینا ہوگا لیکن اب وزیراعظم کو ہی حساب عوام کو دینا ہو گا کیونکہ ان کی شکل میں آج ناجائز حکمران کا سامنا ہے۔ ملک آج داخلی اور معاشی لحاظ سے مشکلات کا شکار ہے کیونکہ جس ملک کی معیشت بیٹھ جاتی ہے وہ اپنا تحفظ نہیں کر سکتا وہ غیر محفوظ ہو جاتا ہے اور پاکستان خطے میں تنہا ہو چکا ہے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں کیونکہ 2 ارب سعودی عرب نے دیئے جو بغیر سود تھے اب جب سعودی عرب نے قرض واپس مانگا تو چین سے سود پر قرض لے کر ادا کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو چین نے 14 فیصد سے زائد سود پر کو قرض دیا ہے اور آج افغانستان، ملائیشیا، بنگلا دیش کی معیشت پاکستان سے بہتر ہے بلکہ پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے بے قدری زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے سعودی عرب جیسے ملک پاکستان سے دور ہو چکے ہیں اور ملک تنہائی کی طرف چلا گیا ہے جبکہ پاکستان کے مزید دوست ممالک آہستہ آہستہ اسے چھوڑتے جا رہے ہیں۔