مسیحی برادری کیلئے 25 اور 26 دسمبر کو تعطیل کا اعلان

مسیحی برادری کیلئے 25 اور 26 دسمبر کو تعطیل کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسیحی برادری کیلئے 25 اور 26 دسمبر کو تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو تنخواہ نہ ملنے پر فون کریں، میں خود نوٹس لوں گا جبکہ مسیحی برادری کی رہائش کا مسئلہ بھی حل ہونا چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے پاس اربوں روپے ہیں لیکن غریبوں کو دینے کیلئے دل نہیں ہے، افسران اپنے اوپر بیٹھے افسران کا دل خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں، 25 دسمبر کو تنخواہ نہ ملنے پر مجھے فون کریں، میں نوٹس لوں گا جبکہ مسیحی بھائیوں کی رہائش کا مسئلہ بھی حل ہونا چاہئے۔ 
اس موقع پر انہوں نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتہاءپسندی سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ سیالکوٹ جیسے واقعات بھی ملک کی ساکھ کو بے حد نقصان پہنچاتے ہیں۔ 
شیخ رشید نے سیالکوٹ واقعے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام مذاہب اور فرقوں سے دوستانہ تعلقات ہیں، لازم ہے کہ ہر مذہب کے عالموں کا نام عزت سے لیا جائے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کل باتیں کرنا بہت آسان ہے اور کام کرانا مشکل ہے، باتیں وہ زیادہ چلتی ہیں جن میں آڈیوز اور ویڈیوز کا تذکرہ ہو اور آڈیو، ویڈیوز بھی ایسی ہوں جس سے کسی کی پگڑی اچھالی گئی ہو۔