واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک اہم بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز "وکٹری" بنانے جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جہاز امریکی بحریہ کی طاقت کو مزید مضبوط کرے گا، اور اس میں جدید ترین اسلحہ جیسے گن، ہائپر سونک میزائل اور لیزر شامل ہوں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہماری فوج دنیا کی بہترین فورس ہے اور امریکی بحریہ میں دنیا کا سب سے طاقتور طیارہ بردار جہاز شامل ہو رہا ہے۔" انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ جہاز شراکت داروں کے ساتھ مل کر امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز تیار کیا جا رہا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ امریکہ کو جدید ترین بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی، اور اس وقت پندرہ جدید ترین آبدوزیں اور تین نئے بحری جہاز تیاری کے مراحل میں ہیں۔ "ہم آبدوز سازی میں کسی بھی ملک سے پندرہ سال آگے ہیں، چین یا روس بھی ہمارے مقابلے میں نہیں آ سکتے۔"
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنا رہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی سرحدیں بھی محفوظ کی جا رہی ہیں اور معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔ "ہمارے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار اور آلات ہیں، اور بحریہ ہیڈکوارٹرز کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔"
صدر ٹرمپ نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف امریکہ کے اقدامات پر بھی بات کی، اور کہا کہ "منشیات سے بھری کشتیوں کو سمندر میں تباہ کر کے ہم ہر بار 25 ہزار جانیں بچاتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ کیریبین میں سمندر کے راستے منشیات کی سمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آئی ہے۔
ٹرمپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ گزشتہ سال امریکہ میں 3 لاکھ افراد منشیات کے استعمال سے ہلاک ہوئے اور انہوں نے جیفری ایبسٹین کے بارے میں تازہ ترین انکشافات پر بھی اپنی رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی ایبسٹین کے جزیرے کا دورہ نہیں کیا اور ایبسٹین کو مارا لاگو پام بیچ سے نکال دیا تھا۔
آخر میں، ٹرمپ نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ رکوا کر 10 لاکھ جانیں بچائیں اور اب تک 8 جنگوں کو روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔