اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے 2010 میں پیش آنے والے ایک سنگین طیارہ حادثے کے کیس میں نجی ایئر لائن کی 8 اپیلیں خارج کر دی ہیں اور حادثے میں متاثرہ افراد کو مجموعی طور پر 5 ارب 41 کروڑ 78 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر رسول بخش میرجت نے تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں ایئر لائن کی جانب سے دائر کی گئی تمام اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔ عدالت نے طیارہ حادثے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے متاثرین کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ایئر لائن کو 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
متاثرین میں سمیرا نوید چوہدری، راشد ذوالفقار، محمد الیاس اور دیگر شامل ہیں، جنہیں مختلف رقوم بطور ہرجانہ دی جائیں گی۔ سمیرا نوید چوہدری اور ان کے ساتھیوں کو 143.189 ملین روپے، راشد ذوالفقار اور دیگر کو 630.94 ملین روپے، اور محمد الیاس کو 1.1 ارب روپے کے قریب ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
عدالتی فیصلہ متاثرین کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، کیونکہ پہلے سول جج نے جزوی طور پر ایک کروڑ روپے تک معاوضے کی اجازت دی تھی، تاہم اس فیصلے کو متاثرین نے اپیل کے ذریعے چیلنج کیا تھا، جس کے بعد سیشن کورٹ نے فیصلہ متاثرین کے حق میں سنایا۔
ہائیکورٹ میں بھی متاثرین کی اپیلیں زیر سماعت تھیں، جنہیں بعد ازاں سیشن ججز کے دائرہ اختیار میں منتقل کر دیا گیا تھا۔