اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں بھی توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ان مقدمات کی سماعت کی، جس میں عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 27 جنوری تک ان مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو عدالت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔ چونکہ عمران خان پیش نہیں ہو سکے، اس وجہ سے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں ہو سکے اور عدالت نے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طرف سے شمسہ کیانی ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر کیس کی پیروی کی۔ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، قتل کی کوشش، جعلی رسیدوں اور دیگر مقدمات درج ہیں۔ جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔