راولپنڈی : چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں قومی اور بین الاقوامی سکیورٹی چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے عالمی، علاقائی اور داخلی سکیورٹی کی بدلتی صورتحال پر روشنی ڈالی اور موجودہ و ابھرتے خطرات کی نوعیت پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے خطرات روایتی نہیں بلکہ بالواسطہ، مبہم اور پراکسیز کے ذریعے سامنے آ رہے ہیں، اور دشمن داخلی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے غیر روایتی حربے استعمال کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ جدید دور میں غیر یقینی صورتحال میں واضح اور بروقت فیصلے انتہائی اہم ہیں اور قومی طاقت کے تمام عناصر میں ہم آہنگی اور ملٹی ڈومین تیاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی اسٹریٹجک قیادت کی تیاری میں اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ پیشہ ورانہ عسکری تعلیم قومی استحکام اور ادارہ جاتی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ فیلڈ مارشل نے کورس شرکاء کو چوکنا، لچکدار اور قومی اقدار پر ثابت قدم رہنے کی ہدایت بھی دی۔