Get Alerts

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کا بھارت کو 242 رنز کا ہدف، دبئی میں بڑا ٹاکرا

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کا بھارت کو 242 رنز کا ہدف، دبئی میں بڑا ٹاکرا

دبئی: چیمپئنز ٹرافی کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم 50 اوورز مکمل کرنے سے قبل 241 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔


دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ بابر اعظم 23 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ امام الحق 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان اور سعود شکیل نے کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن رضوان 46 اور سعود شکیل 62 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


پاکستانی ٹیم میں امام الحق، بابراعظم، سعود شکیل، کپتان محمد رضوان، طیب طاہر، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔


بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، ہرشت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔


دبئی میں موسم کی غیر یقینی صورتحال کے باعث میچ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اوس اور دھند دونوں ٹیموں کے لیے چیلنج بن سکتی ہیں، جس کا اعتراف بھارتی اوپنر شبمن گل نے بھی کیا۔


چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان یہ میچ جیتے گا۔ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو میچ ونر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی بولرز بھارتی بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں۔


چیمپئنز ٹرافی کے ریکارڈز کے مطابق پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 5 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں سے پاکستان نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میچز جیتے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان اس اہم میچ میں فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھ پائے گا یا نہیں؟
 

ٹیگز: