کیلیفورنیا:آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی کے ساتھ گوگل نے اپنے کروم براؤزر میں کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کروم ویب براؤزر میں تین نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں:
اسپلٹ ویو: یہ فیچر کروم میں ملٹی ٹاسکنگ کو آسان بنائے گا۔ اس کے ذریعے صارفین ایک ہی ٹیب میں دو صفحات کو ایک ساتھ دیکھ سکتے ہیں یا ایک طرف ویڈیو دیکھتے ہوئے دوسری طرف کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے، کسی ٹیب کو کروم ونڈو میں بائیں یا دائیں طرف کھینچ کر لے آئیں، یا کسی ٹیب میں موجود لنک پر رائٹ کلک کرکے "اوپن لنک ان اسپلٹ ویو" پر کلک کریں۔ اس کے بعد ٹیب خود بخود دو حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔
پی ڈی ایف اینوٹیشنز: اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی پی ڈی ایف فائل میں نوٹس ایڈ کر سکتے ہیں یا ٹیکسٹ کو ہائی لائٹ کر سکتے ہیں، بغیر اس فائل کو ڈاؤن لوڈ کیے۔ اب آپ کروم میں ہی پی ڈی ایف فائل پر کام کر سکیں گے۔
سیو ٹو گوگل ڈرائیو: اس فیچر کے ذریعے آپ کسی بھی پی ڈی ایف فائل کو اپنے کمپیوٹر کی بجائے براہ راست گوگل ڈرائیو میں محفوظ کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے آپ کے محفوظ فائلز کو "سیو فرام کروم فولڈر ان یور ڈرائیو" کے تحت دکھایا جائے گا، جس سے انہیں بعد میں تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔
اگرچہ یہ فیچرز براہ راست اے آئی سے متعلق نہیں ہیں، گوگل پہلے ہی کروم میں جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ کو شامل کر چکا ہے، اور ان نئے فیچرز سے گوگل کروم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اوپن اے آئی اور پریپلیکسٹی جیسی کمپنیوں کی پیش رفت کا مقابلہ کیا جا سکے۔